25 جولائی 2015 - 07:00
سلامتی کونسل فلسطینی عوام کے حقوق کا دفاع نہیں کر سکتی

اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل نمائندے نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل سیاسی عزم و ارادے کے فقدان کے باعث فلسطینی عوام کے حقوق کا دفاع کرنے کی طاقت نہیں رکھتی-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی۔ابنا۔ اقوام متحدہ میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مستقل نمائندے نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل سیاسی عزم و ارادے کے فقدان کے باعث فلسطینی عوام کے حقوق کا دفاع کرنے کی طاقت نہیں رکھتی-
اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ، سیاسی عزم و ارادہ موجود نہ ہونے کے باعث اپنے منشور کے دائرے میں فلسطینی عوام کے حقوق کی حمایت کرنے کی صلاحیت نہیں رکھتی- غلام علی خوشرو نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں ناوابستہ تحریک کے رکن ممالک کی جانب سے فلسطینی عوام کے اہداف و مقاصد کی حمایت اور ان کے ساتھ یکجہتی پر تاکید کرتے ہوئے آزاد اور خود مختار فلسطینی ریاست کی تشکیل کے ناقابل انکار حق پر روشنی ڈالی- غلام علی خوشرو نے گذشتہ سڑسٹھ برسوں کے دوران فلسطینی عوام کے مسائل و پریشانیوں اور فلسطین کا مسئلہ اقوام متحدہ اور سلامتی کونسل کے ایجنڈے میں شامل ہونے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ ناوابستہ تحریک کی نظر میں فلسطین کے مسئلے میں اپنی ذمہ داریوں پر عمل درآمد کرنے کے سلسلے میں جو چیز سلامتی کونسل کی ناکامی کا سبب بنی وہ سیاسی عزم و ارادے کا فقدان ہے- انھوں نے صیہونی حکومت کی نسل پرستانہ اور غیر قانونی پالیسیوں نیز اس کے جرائم و مظالم بالخصوص گذشتہ برس غزہ کے نہتے عوام پر اس کے وحشیانہ حملوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ مصدقہ دستاویزات کی بنیاد پر صیہونی حکومت نے جنگی جرائم کا ارتکاب کیا اور بین الاقوامی انسان دوستانہ اصولوں اور قوانین کو پوری طرح نظر انداز کیا ہے- اقوام متحدہ میں ایران کے مستقل نمائندے غلام علی خوشرو نے مزید کہا کہ سلامتی کونسل، مشرق وسطی کے اس بحران کی طرف سے جس نے مشرق وسطی کے امن اور سلامتی کو خطرے سے دوچار کردیا ہے، چشم پوشی نہیں کر سکتی اور سلامتی کونسل کو اپنی ذمہ داریوں کی بنیاد پر جس کا ذکر اقوام متحدہ کے منشور میں بھی موجود ہے، فلسطین میں منصفانہ اور پائیدار امن قائم کرنے کے لیے راستہ ہموار کرنا چاہئے-

۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔

۲۴۲